نئی دہلی،07؍ نومبر (آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) مرکزی وزیر مینکا گاندھی نے شیرنی کے مارے جانے کو لے کر ایک خط کے ذریعے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے وزیر جنگلات سدھیر منگٹیوار کو عہدے سے برخاست کرنے پر غور کریں۔
منگل کو میڈیا میں مینکا گاندھی کی طرف سے فڑنویس کو لکھا ہوا ایک خط جاری ہوا۔اس خط میں مرکزی وزیر نے وزیر اعلیٰ سے کہاہے کہ میں آپ سے شیرنی کے غیر قانونی قتل کو لے کر ذمہ داری طے کرنے کی درخواست کر رہی ہوں۔ماحولیات وجنگلات کے وزیر سدھیر منگٹوار کو عہدے سے برخاست کرنے پر غور کریں۔مرکزی وزیر نے اپنے خط میں لکھاکہ اگر ماحولیات و جنگلات کے وزیر جانوروں کو بچانے کے بجائے ان کا قتل کراتے ہیں تو وہ یقینی طور پر اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔یہ کچھ ایسا ہی ہے کہ وزیر خواتین اطفال بچوں کی اسمگلنگ کرنے والوں کے لیے کام کرے۔گاندھی نے کہا کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے ریاست کے وزیرجنگلات سے شیرنی کو لے کر بات کر رہی تھیں انہوں نے کہا کہ اگر جنگلات و ماحولیات کے وزیرتھوڑا سا بھی حساس ہوتے تو شیرنی کو بچایا جا سکتا تھا۔